کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا ہے کہ علاقے کی ترقی اور عوام کی سہولت کے لیے سڑکوں کی حالت بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت تمام اہم سڑکوں کی کارپیٹنگ جلد مکمل کی جائے گی تاکہ آمد و رفت میں آسانی ہو اور علاقے کے رہائشیوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے مزید کہا کہ روڈ کارپٹینگ منصوبے کا مقصد علاقے کی مجموعی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری مواد کا استعمال اور کام کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کو طویل عرصے تک اس سہولت سے فائدہ ہو۔
حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ عوام کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور مستقبل میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ہمارے گرد موجود کچھ ہمارے دوست بھائی جو ہم پر تنقید کر رہے ہیں افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ ہمارے کاموں سے ناواقف ہیں اور ان کاموں پر تنقید کر رہے ہیں جو کام ہمارے ہیں ہی نہیں مگر میں ان کی اصلاح کرتا چلوں کہ جو کام ہمارے نہیں ہیں ہم ان پر بھی کوشاں ہیں اور ہر اس جگہ جا کر عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جہاں سے ہمیں امید ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسف گوٹھ میں جاری اسپیشل اسکیم کے تحت روڈ کارپٹنگ کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر آغا خلیق، وائس چیئرمین رانا عارف،ڈسٹرکٹ انجینیئر حسن علی شیخ،ٹاؤن کے دیگر افسران و عملہ علاقائی عوام معززین بھی موجود تھے۔
