چیئرمین جناح ٹاؤن نے جمال الدین افغانی روڈ پر کے ایم سی کو دعویٰ مسترد کردیا
کراچی: ٹاون میونسپل کارپوریشن جناح کی حدود میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بے جا مداخلت پر چیئرمین رضوان عبد السمیع نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رضوان عبد السمیع کا کہنا ہے کہ بہادر آباد میں واقعہ جمال الدین افغانی روڈ قانونی طور پر ٹی ایم سی جناح کی حدود میں شامل ہے جس پر سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پٹاپا ( PTAPA)اور ٹی ایم سی جناح نے متفقہ طور پر ایم او یو پر دستخط کئےجس کے تحت شاہرائوں کی تزئین و آرائش سمیت کیبلز کو انڈر گراونڈ کرنا شامل ہے اور یہ ایسا پروجیکٹ ہے جو جناح ٹاؤن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگا جو کے ایم سی اور پیپلز پارٹی کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ہے لہذا کے ایم سی نے پیپلز پارٹی کی ایما پر مداخلت کر کے جمال الدین افغانی روڈ پر کام رکوادیا ہے اور یہ غلط دعوی کیا ہے کہ یہ شاہراہ بلدیہ عظمی کراچی کی حدود میں ہے۔
،انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح ترقی کے اس عمل میں بیجا رکاوٹ ڈالنےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور پٹاپا (PTAPA)کی مکمل حمایت کرتا ہے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت عوام کی بہتری کیلئے جو قدم اٹھایا گیا ہے اسے ہر قیمت پر ممکن بنایا جائے گا۔
چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے بلدیہ عظمی کراچی اور پیپلز پارٹی کومتنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی بہتری میں کئے جانے والے اقدامات میں مداخلت کرنے کے بجائے عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کریں شہر کی وہ سڑکیں جو میئر کراچی کی دسترس میں ہیں ان کی صورتحال سے ہر ایک واقف ہے اور یہ عملی ثبوت ہے کہ مئیرکراچی اور ان کی پارٹی شہر کی ترقی نہیں چاہتی بلکہ جو اس شہر کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں ان کے راہ میں بھی روڑے اٹکائے جارہے ہیں.
