آزادی کے دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ جن کی جدوجہد اور قربانیوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا اور آج ہم ایک آزاد ملک کے آزاد شہری ہیں:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کُشائی کی تقریب کا انعقاد،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ،وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں منتخب بلدیاتی نمائندے،ٹاؤن افسران،طلبا وطالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پرچم کُشائی کے بعد چیئرمین محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ پودے بھی لگائے،اس موقع پر طلباوطالبات نے مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ قومی ترانہ پیش کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ آزادی کے دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ جن کی جدوجہد اور قربانیوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا اور آج ہم ایک آزاد ملک کے آزاد شہری ہیں، پاکستان کے استحکام اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے کراچی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے دفاع پاکستان اور قومی سلامتی کے حوالے سے کراچی نے ہمیشہ اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کیا،یہ ملک ہم نے اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کے لئے حاصل کیا ہے۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق استوار کریں اور پاکستان کو ایک مضبوط اسلامی ملک بنانے کے لئے سخت محنت کریں اور قائد اعظم محمد علی جناح کے قول و فعل کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں ہم پاکستان کو اسلام کا قلعہ کہتے ہیں اور یہ ثابت کرنے کے لئے ہمیں اپنی زندگی کے ہر شعبے میں نظم و ضبط اور تنظیم پیدا کرنی ہوگی اُسی صورت میں ہم پاکستان کو بنانے کا مقصد حاصل کرپائیں گے۔
چیئرمین محمد یوسف نے طلباو طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے معمار ہیں آپ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں مستقبل میں پاکستان کی بھاک دوڑ آپ کے ہاتھوں میں ہوگی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے کہا کہ زندہ قومیں آزادی کاجشن شاندار طریقے سے مناتی ہیں،پاکستانی قوم ہر سال آزادی کے موقع پرآزادی کا جشن مناکر اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔
