لاہور: ارشد ندیم کے لاہور ائیر پورٹ پر اسقبال کے موقع پر وفاقی وزیر جناب احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کے نوجوانوں کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ ارشد ندیم کی کامیابی انشااللہ پاکستان میں کھیلوں کے احیا کے لیے ٹرنگ پوائنٹ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا حکومت کھیلوں کے منصوبوں کا قومی، صوبائی اور اضلاع کی سطح پر انعقاد ہوگا۔ پاکستان میں حکومت عالمی معیار کی تربیتی سہولیات کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو ان مشکلات سے نہ گزرنا پڑے جن سے ارشد ندیم گزرا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ اگر آپکے پاس دھن ہے اور آپ محنت کر سکتے ہیں تو دنیا کی کوئی رکاوٹ آپکو آپکے خوابوں کے حصول سے نہیں روک سکتی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی کامیابی سے ہر پاکستانی کو یہ سبق حاصل کرنا چاہیے کہ انسان محنت لگن اور دھن کے ساتھ بے وسائل ہوکر بھی کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اگر ہم سب پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا تن من دھن لگا کر محنت کریں تو جس طرح ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا پاکستان ترقی کے میدان میں اسی طرح گولڈ میڈل حاصل کر سکتا ہے۔

