چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع کے زیرِ صدارت بجٹ برائے مالی سال 2025-2024کے حوالے سے محکمہ جاتی سربراہان کا اجلاس منعقد۔ اجلاس میں چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ 2025-2024 کو مرتب کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات میسر آسکیں اور ساتھ ہی جناح ٹاؤن کو مثالی ٹاؤن بنا کے دوسرے ٹاؤن کیلئے ماڈل ٹاؤن بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناح ٹاؤن کے عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی اور کھیل کود کی معیاری سہولیات کیلئے پارکس، پلے گراؤنڈزکی تزئین و آرائش اور نئے ماڈل پارکس بنانے، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سیوریج کے نظام کی درستگی، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تبدیلی کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور ڈسپنسریوں کی تعمیر و مرمت اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تجاویز جلد ازجلد تیار کر کے پیش کریں تاکہ عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے،
رضوان عبدالسمیع کا کہنا تھا کہ جناح ٹاؤن کو مکمل طور پر کرپشن سے پاک کیا جائے آئندہ کوئی بھی کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اسکے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ اجلاس میں وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان،بجٹ آفیسر سیدعلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر کونسل محمد حسن، ڈائریکٹر آئی ٹی نعیم سمیت دیگر بلدیاتی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

