
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں متوقع بارش کے سلسلے میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری سید نجم شاہ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز شاہ، واٹر بورڈ کے عہدیداران سیدصلاح الدین،اسداللہ، کے علاوہ کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرزو دیگر افسران موجود تھے۔ وزیر بلدیات سندھ نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر نالوں کی صفائی، مین ہولز پر ڈھکن لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام مشینری اور عملہ تیاررکھا جائے۔
اس موقع پر اے سی ایس سید نجم شاہ نے کہا کہ ضروری اقدامات مثلاّ ڈی واٹرنگ پمپ، اور دیگر مشینری، مین ہولز کے ڈھکن لگانے کے لئے جو انتظامات کرنے ہیں اس کی ایک رپورٹ پیش کریں تاکہ فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز شاہ نے وزیر بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور 1128 اور واٹس ایپ نمبر پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا اس سلسلے میں 3 شفٹوں میں عملہ تعینات رہے گا۔ چائنیزکمپنیز، لوکل کنٹریکٹرز اور سالڈ ویسٹ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام عملہ اور تمام مشینری تیار رکھیں پانی کی نکاسی کا کام بروقت انجام دینے کے لئے ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے،
انہوں نے مزید بتایا کہ پانی کی نکاسی کے لئے سینیٹری ورکرزکے گروپ کی شکل میں صفائی کے بجائے 2 سے 3 سینیٹری ورکرزکو ہر پوائنٹ پر تعینات کیا جائے گاتاکہ تمام پوائنٹس پر عملہ موجود رہے۔ چوک پوائنٹس کو کھولنے کے لئے بھی ٹیمیں تعینات رہے گی اور سالڈ ویسٹ کے افسران متعلقہ اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن رہیں گے۔
تمام افسران و کنٹریکٹر اور آپریشن اسٹاف مسلسل رابطے میں رہیں گے علاوہ ازیں انچارج کمانڈاینڈ کنٹرول اورمرکز شکایات میں موصول ہونے والی کچرے اور بارش کے پانی کی نکاسی سے متعلق شکایات فوری طورمتعلقہ افسران تک پہنچائی جائے گی تاکہ ان شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے تمام ڈسٹرکٹ میں کمپلین سیل بنائے جائیں گے