
کراچی: گلبرگ ٹاؤن کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ کے ہمراہ اپنے آفس میں گلبرگ ٹاؤن کے ریٹائرڈ ہو جانے والے 24 ملازمین اور وفات پاجانے والے ملازمین کے ورثاء میں ایک کروڑ سے زائد رقم کے چیک پیش کئے،
اس موقع پر چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ ایماندار اور محنتی ملازمین گلبرگ ٹاؤن کا قیمتی اثاثہ ہیں، گلبرگ ٹاون ک کی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن نے ابھی تک پانچ کروڑ روپے سے زائد تک کی رقم ملازمین کو دے چکے ہیں۔حالانکہ گلبرگ ٹاؤن کو ایک کروڑ روپے سے زائد کےO.Z.T کا بھی سامنا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ادارے کو مضبوط کرنے اور ٹاون کی تعمیرمیں صرف کیا ہے، ریٹائرڈ ملازمین کی خدمات کے اعتراف کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان ملازمین کے واجبات کو بروقت ادا کیا جائے تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں مالی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ان ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو بروقت ممکن بنائیں، انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے محکموں میں ریٹائرڈ ہو جانے والے ملازمین کے واجبات کے حوالے سے درکار دستاویزات بروقت تیار کریں۔اور حکومت سندھ ملازمین کے واجبات/ پنشن کی ادائیگی کے نظام کو آسان اور سہل بنائے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کے حصول کے لئے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد جلد از جلد ان کے واجبات ادا کردئے جائیں۔ اس موقع پر بجٹ آفیسر محمد وسیم اور اکاؤنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
