
کراچی: امیر جماعت اسلامی گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے یو سی 1 بلاک 19 میں گلوب پارک کا افتتاح کر دیا،ان کے ہمراہ چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ،ڈائریکٹر باغات محمد ندیم حنیف،یو سی1 کے چیئرمین عاصم مخدومی علاقہ معززین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ 2001 سے 2005 تک اس شہر کے ذمہ داری ہمارے حصے میں آئی تھی تب بھی شہر کو ہم نے روشن اورسرسبز و شاداب کیا تھا انشااللہ اب بھی لوگوں کو وہ خوشیاں دوبارہ ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے امانتیں اہل لوگوں کے سپرد کی جائیں تو ان کا فائدہ عوام تک ضرور پہنچتا ہے۔
چیئرمین نصرت اللہ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاک 19 اور گلبرگ ٹاؤن کی عوام کو مبارک بادپیش کرتے ہیں اوراھلیان گلبرگ کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے اس کو ہمیں ملنے والے وسائل کو ہم امانت سمجھتے ہیں ہماری اجمتاعیت ہمیں یہ بتاتی ہے کہ یہ خدمت کا کام ہے ہمارا منشور تھا کہ ہم اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے ہم پر گلبرگ اور کراچی کے لوگوں نے اعتماد کیا ہے ہم ان کے چھینے ہوئے حقوق واپس کریں گے
نصرت اللہ نے کہا کہ حقیقت میں شہر کراچی کے لوگ مشکل کا شکار ہیں یہاں پر لوگوں کو بلدیاتی سہولتیں تک میسر نہیں ہیں یہ پارک ان کاموں کی ابتدا ہے انشااللہ ہر یوسی میں ہم پارک کا افتتاح کریں گے ہم 12 پارک تیار کر چکے ہیں عنقریب ان کا بھی افتتاح کریں گے اور لوگوں سے درخواست کی کہ اس پارک کی حفاظت آپ کی بھی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ نے کہا کہ یہ پارک چیئرمین گلبرگ ٹاؤن اور محکمہ باغات. عملے اور انتظامیہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ گلبرگ ٹاؤن میں تمام افسران وعملہ اپنے حصے کا کام ایمانداری اور احساس ذمہ داری سے انجام دے رہے ہیں
علاقہ معززین کی جانب سے جنرل سیکٹری کراچی پریس کلب شعیب احمدنے کہا کہ ہم اھلیان علاقہ کی جانب سے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ یہ ہمارا پارک ہے اور ہم سب مل کر اس کی حفاظت کریں گے اس موقع پر یو سی کے وائس چیئرمین صابر حسین،کونسلر محمد کاشف،ڈپٹی ڈائریکٹر پارک اسد جاوید،محکمہ باغات کا عملہ اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
