جناح اسپتال کے گریڈ 2 سے 14 تک کے ملازمین کی ترقیوں کا راستہ کھل گیا
جناح اسپتال کے عملے کی ترقیوں کے حوالے سے اہم پیشرفت
جوائنٽ ایمپلائیز کمیٹی جناح اسپتال کراچی کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے تدریسی اسپتال، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے عملے کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سندھ سیکریٹریٹ کی جانب سے گریڈ 2 سے گریڈ 14 تک کے ملازمین کی ترقیوں کے عمل، یعنی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کی باضابطہ اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ اقدام اسپتال کے ملازمین کے لیے نہ صرف خوش آئند خبر ہے بلکہ ان کی برسوں پرانی جدوجہد کا نتیجہ بھی ہے۔
اس سلسلے میں جناح اسپتال کی جوائنٹ ایمپلائیز کمیٹی کے عہدیداران سید شاہد اقبال، حسن پٹھان، حافظ محمد، امیر دیناری، حق نواز سیال، محمود عالم، لال جان بلوچ اور دیگر عہدیداروں نے جناب ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کی خصوصی دلچسپی اور بھرپور کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر شاہد رسول نے عملے کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا، متعلقہ حکام سے رابطے کیے اور بالآخر سندھ سیکریٹریٹ سے منظوری حاصل کروا کر عملے کے لیے انصاف کی راہ ہموار کی۔
ملازمین کے نمائندوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ترقیوں کا عمل رکا ہوا تھا، جس کے باعث عملے میں مایوسی پھیل رہی تھی۔ تاہم، ڈی پی سی کی منظوری کے بعد اب ملازمین کو امید ہے کہ ان کی خدمات اور محنت کا اعتراف کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ نہ صرف مالی استحکام بلکہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری کا بھی باعث بنے گا۔
جناح اسپتال کے ملازمین نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا اور تمام اہل ملازمین کو ان کے جائز حقوق ملیں گے۔ انہوں نے اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اسپتال کے تمام محنتی اور ایماندار کارکنوں کے لیے مزید کامیابیاں نصیب ہوں۔
