پاکستان امریکن کلچرل تھیٹر فیسٹیول میں سندھی مزاحیہ و اصلاحی اسٹیج ناٹک “واہ سائیں واہ” پیش کیا گیا
کراچی: پاکستان امریکن کلچرل تھیٹر فیسٹیول 2025 کے سلسلے میں سندھی مزاحیہ و اصلاحی اسٹیج ناٹک “واہ سائیں واہ” شاندار کامیابی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور حاضرین نے فنکاروں کی جاندار اداکاری پر کھل کر داد دی۔
ڈرامے کی تحریر معروف ڈرامہ نگار رشید صابر نے کی جبکہ ہدایت کاری کے فرائض رضوان صابر نے نہایت مہارت سے انجام دیے۔ اسٹیج ناٹک نے نہ صرف حاضرین کو بھرپور تفریح فراہم کی بلکہ سماجی اصلاح کا مؤثر پیغام بھی دیا، جسے ناظرین نے بے حد سراہا۔
ڈرامے میں نسرین ناز، اے جی خان، جاوید ٹاکانی، اسماء علی، لائبہ بلوچ ،وقار لطیف منو،منیرسنگرا، مصطفیٰ سالار، رضیہ شیخ ،ہنی خان اور گل محمد لاشاری نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔
اس موقع پر امریکن کلچرل سینٹر کے صدر جناب مخدوم ریاض نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان امریکن کلچرل تھیٹر فیسٹیول جیسے ثقافتی پروگرام معاشرے میں مثبت سوچ، ہم آہنگی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیج ڈرامہ “واہ سائیں واہ” معیاری تفریح کے ساتھ ساتھ اصلاحی پیغام دینے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے ڈرامے کے مصنف رشید صابر، ہدایت کار رضوان صابر، اور آرگنائزر وحید گل میمن تمام فنکاروں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
آخر میں ڈائریکٹر رضوان صابر صدر پاکستان امریکن کلچرل سینٹر سید مخدوم ریاض اور پروگرام کے کوآرڈینیٹرز آدم راٹھور اور الیا س ندیم اور پرنٹ میڈیا ،اورالیکڑونکس میڈیا شائقین کا شکریہ ادا اور سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکن کلچرل تھیٹر فیسٹیول آئندہ بھی معیاری، بامقصد اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
