اقبال اے رحمن مانڈویا کی تصنیف "میرے زمانے کی کراچی”کی تقریب رونمائی
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام اقبال اے رحمن مانڈویا کی تصنیف "میرے زمانے کی کراچی”کی تقریب رونمائی آڈیٹوریم II میں منعقد کی گی ،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔
تقریب کی صدارت کے فرائض ڈاکٹر فرحت عظیم نے انجام دئیے جبکہ سلمان صدیقی ،ڈاکٹر اقبال ہاشمانی، شاہ ولی اللہ جنیدی، عبیداللہ کیہر، شبر زیدی اور گل بانو نے اظہار خیال کیا ،تقریب کی نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دئیے ،جبکہ یحییٰ خان تنولی اور چاند نے اقبال اے رحمن کے اہل خانہ کو سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک پیش کی
،ڈاکٹر فرحت عظیم نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ یہ ہجوم، یہ چمکتے چہرے اور یہ پرخلوص جذبے سب اس بات کا اعلان ہیں کہ اقبال اے رحمن صرف ایک فرد نہیں، ایک فکری قافلہ ہیں۔
اس کتاب کی تقریب محض ایک ادبی نشست نہیں بلکہ ایک فکری مکالمہ ہے۔ کتاب اور زمین یہی دو رشتے قوموں کو زندہ رکھتے ہیں۔ کراچی صرف شہر نہیں، ایک نظریہ ہے، ایک دھڑکتا ہوا دل ہے اور مصنف نے اسی نظریے کو لفظوں میں ڈھالا ہے
اقبال ہاشمانی نے کہا کہ اقبال رحمن کی خاص بات یہ ہے کہ اس کتاب میں لکھے گئے علاقے پر خود جاکر تحقیق کی ہے ، اس پر سنجیدہ گفتگو ضروری ہے اور یہ کتاب اس کا آغاز بن سکتی ہے شاہ ولی اللہ جنیدی نے کہا کہ اقبال رحمن نے کراچی پر دو کتابیں لکھ کر اپنی فکری شناخت کو مستحکم کیا ہے ، ان کی تحریر میں شہر سے محبت کا سوزاور جذبات کی شدت نمایاں ہے ،عبیداللہ کیہر نے کہا کہ یہ کتاب ایسی ہے کہ آپ اسے کسی بھی صفحے سے شروع کریں، پڑھتے چلے جائیں گے۔ ہر واقعہ قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ کراچی کو مصنف نے نہ صرف اپنی شناخت کہا بلکہ قارئین کو اس شناخت سے جوڑنے میں بھی کامیاب رہے۔
گل بانو نے کہا کہ یہ کتاب کراچی کے ماضی کا آئینہ ہے، ایک ایسی داستان جو تجربات، مشاہدات اور جذبات سے گوندھی گئی ہے۔ اقبال رحمن نے جو دیکھا، اسے صداقت سے کاغذ پر اتارا ہے
تقریب کے آخر میں صاحب کتاب اقبال اے رحمن نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ میرے لئے فخر اور خوشی کا باعث ہے ، یہ میری دوسری کتاب ہے اس کتاب پر میں نے بہت محنت کی ہے، کتاب لکھنے کا مقصد اپنی محبت کوالفاظ میں قید کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں اس شہر کی اصل روح سے آشنا ہوسکیں۔
اس موقع پر سول ڈیفنس گورنمنٹ سندھ کی جانب سے اقبال اے رحمن کو ایوارڈ پیش کیاگیا.