پورٹ قاسم میں زمین سے متعلق شکایات پر خصوصی کمیٹی قائم
اسلام آباد: پورٹ قاسم میں زمین سے متعلق کاروباری برادری کی شکایات کے حل کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
کمیٹی وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر تشکیل دی گئی۔
کمیٹی زمین سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پورٹ قاسم اتھارٹی کے بورڈ کو پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر کے کمپلینٹ سیل اور پورٹ قاسم اتھارٹی کو موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ شکایات اور درخواستوں کے حل کے لیے معیاری طریقہ کار بھی تیار کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق کمیٹی کا مقصد پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔اس اقدام سے بندرگاہی نظام میں بہتری آئے گی اور میری ٹائم و لاجسٹکس سیکٹر میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت بحری امور کو کمیٹی کی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے گا۔
