ساہیوال: وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ عمران احمد شاہ نے چیمبر آف کامرس ساہیوال کا دورہ کیا ہے۔
عمران احمد شاہ نے چیمبر کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی کوششوں سے پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا
انہوں نے کہا کہ اب بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے، جس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے، جس سے صنعتی شعبہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔
عمران احمد شاہ نے یقین دلایا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ساہیوال میں ایک انڈسٹریل سٹیٹ قائم کر ے گی، جس سے علاقے میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
