ایس ایس جی سی کے تحت صارفین کی سہولت کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد
ایس ایس جی سی نے کھلی کچہری (آن لائن اور ذاتی طور پر دونوں) کے انعقاد کے لیے پی ایم ڈی یو کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپنی مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پراور اپنے قابل قدر صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آج ’’روبرو ‘‘ کے عنوان سے ہیڈ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ جس کی صدارت ASGM LS-C جناب عدنان رحمان نے کی۔انہیں سینئر مینجمنٹ کے دیگر اراکین کا تعاون حاصل تھا، جناب عدنان رحمان نے اس سیشن کی قیادت کی جس کا مقصد صارفین کے مسائل کو حل کرنا اور انہیں جلد از جلد ریلیف فراہم کرنا تھا۔
عدنان رحمان نے صارفین کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شہر کے مختلف حصوں سے ذاتی طور پر کھلی کچہری میں آنے والے صارفین سے کہا کہ SSGC اپنے صارفین کی بہت قدر کرتی ہے اور انہیں ان کے گیس سے متعلق معاملات اور شکایات میں مطمئن کرنا کمپنی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سیشن کی نظامت SSGC کے ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکیشنز جناب شاہد شیخ نے کی۔
صارفین کی شکایات کو دور کرنے کے لیے ہیڈ آفس میں سینئر SSGC انتظامیہ کی زیر صدارت باقاعدہ سیشنز کے علاوہ، کراچی میں ہرماہ ضلعی سطح پر 20 علاقائی کچہری سیشنز بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ، کوئٹہ، ہالا، میرپورخاص، ٹھٹھہ، بدین، دادو، کوٹری اور SSGC کے فرنچائز صوبوں سندھ اور بلوچستان کے دیگر تمام زونل دفاتر میں بھی اسی طرح کے سیشنز کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین کو اپنی شکایات کمپنی کی سینئر مینجمنٹ کے پاس رجسٹر کرانے کا موقع فراہم کیاجاتاہے.
