
کراچی:جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سب سے بڑا مسئلہ شعورکا فقدان ہے اور مرض کی بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے صحت میں پیچیدگیاں پیداہونی شروع ہوجاتی ہیں،ایک صحت مند معاشرہ ہی صحت مند اذہان کو جنم دے سکتاہے۔ہمارے یہاں ایک بڑی تعداد بچوں کی ویکسینیشن نہیں کرواتی کیونکہ انہیں اسے حوالے آگاہی فراہم نہیں کی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی کلینک میں چیسٹ پین یونٹ اور ایکسپینڈڈپروگرام آن امیونائزیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر رئیس کلیہ قانون جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز،جامعہ کراچی کے میڈیکل آفیسرڈاکٹر اکمل وحید،ڈاکٹر حسان اوج،سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وفا الطاف،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،ڈاکٹر ندیم محمود،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر بلقیس گل اورفارم ایوو کے قاضی عبدالحسیب،ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹرسید ظفرحسین ودیگر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہم کراچی یونیورسٹی کلینک کو منی اسپتال میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اوررفتہ رفتہ طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں سرکاری ونجی سطح پر بھی گفت وشنید جاری ہے۔مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ اور ملازمین کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے جامعہ کراچی میں ہی سینٹر کا قیام لائق تحسین ہے جس پر سندھ حکومت کا شکرگزارہوں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جامعہ کے اساتذہ،انتظامی عملے اور طلباوطالبات کے لئے کرونا ویکسینیشن سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایاگیا تھا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے ای سی جی مشین کی فراہمی پر فارم ایوو کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ فارم ایوو کے ساتھ اشتراک کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اس موقع جامعہ کراچی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اکمل وحید نے کہا کہ ای سی جی مشین کی کراچی یونیورسٹی کلینک میں تنصیب سے دل کے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور دل کا دورہ پڑھنے جیسی صورتحال میں فی الفور متعلقہ اسپتالوں سے رجوع کرنے میں آسانی ہوگی۔ڈاکٹر اکمل وحید نے مزید کہا کہ دل کے دورے کی صورت میں ابتدائی ڈیڑھ گھنٹہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے اور بروقت طبی امدادسے متاثرہ شخص کی جان بچائی جاسکتی ہے۔
