
کراچی: جامعہ کراچی کے ممتازفارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیرئینز انٹرنیشنل،وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی،روئسائے کلیہ جات، یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے صدرپروفیسر اعجاز احمد فاروقی،ممبر سنڈیکیٹ وسینٹ، عمائدین شہر، اساتذہ اور انتظامی عملے کی کثیرتعداد نے پیر کے روز جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے سلورجوبلی گیٹ پر نوواردان جامعہ کا پرتپاک استقبال کیا۔یوم جامعہ کی تقریب کاآغاز حفاظ کرام کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے پر داخلے سے قبل حفاظ کرام تلاوت قرآن فرماتے ہوئے جامعہ کراچی میں داخل ہوئے اوروہاں پر موجود تمام نوواردان جامعہ اور دیگر افراد کے ہمراہ جلوس کی شکل میں انتظامی عمارت تک گئے۔ ازاں بعد انتظامی عمارت کے پارکنگ گراؤنڈ میں پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمودعراقی،نامور سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری،صدریونی کیرئینزانٹرنیشنل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اورصدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرشاہ علی القدر و دیگر نے خطاب کیا۔تقریب میں ممبر سنڈیکیٹ وسینٹ،عمائدین شہر، اساتذہ، طلبہ ا ور غیر تدریسی عملے کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے استاد ڈاکٹر سید عاصم علی نے انجام دیئے اور جامعہ کراچی کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کا انعقاد جامعہ کراچی اور یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر نامور سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ آج نوواردان جامعہ کا جس طرح سے استقبال ہوا ہے اس سے قبل میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ میں آج تک پورے پاکستان میں پاکستان ڈھونڈتا رہا لیکن مجھے ہر جگہ پختون، پنجابی، بلوچ، سندھی اور مہاجر ملا لیکن آج جامعہ کراچی میں مجھے پاکستان ملا۔ اگر کسی کو پوراپاکستان دیکھنا ہے توجامعہ کراچی آکر دیکھیں جہاں ہر رنگ وآہنگ کے معطر پھول آراستہ ہیں۔ انہوں نے نوواردان جامعہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ کراچی کی اتنی بڑی آبادی ہونے کے باوجود آپ لوگوں کو ملک کی سب سے بڑی جامعہ جامعہ کراچی میں داخلہ ملا ہے۔ جامعہ سے فارغ التحصیل ہوکر آپ اپنے اخلاق اور کردار وگفتار سے یہ ثابت کریں کہ آپ دوسروں سے مختلف ہیں اور اگر یہ ثابت نہ کرسکیں تو آپ نے محض وقت برباد کیا ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تمام نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں پرزیرتعلیم طلبہ ایک مثالی ہم آہنگی کا مظہر ہیں جس پر ہم سب کو فخرہے۔اعلیٰ تعلیم تک رسائی سب کو نصیب نہیں ہوتی آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو اعلیٰ تعلیم حصول کے مواقع مل رہے ہیں۔جامعہ کراچی علم کا سمندر ہے، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سمندر کی وسعتوں اور گہرائیوں میں کتنا جانا ا ور ا س سے استفادہ کرنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ آج کل میڈیا میں لیول پلینگ کے حوالے سے بہت زیادہ گفتگو ہورہی ہے،لیول پلینگ صرف سیاست تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ تعلیم کے لئے بھی لیول پلینگ نا گزیر ہے تا کہ معاشرے کا ہر فرد اس سے استفادہ کرسکے۔ جب ہم پائیدار ترقی کے اہداف کو پڑھتے ہیں تو ہم معیاری تعلیم، صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن جامعہ کراچی میں طالبات کی70 سے80 فیصد تعداد نے یہ ثابت کردیا ہے۔جامعہ کراچی روزاول سے ہی پاکستان کے نواجوانوں کو حصول علم سے روشناس کرانے کے لئے کوشاں ہے۔میں طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتاہوں کہ انہوں نے نامساعد مالی حالات کے باوجود اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو ممکن بنایا۔
پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے نوواردان جامعہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی واحد جامعہ ہے جہاں نوواردان جامعہ کا اتنا بڑا اور شاندار استقبال ہوتا ہے۔ جامعات کی شناخت ان کے ریسرچ پیپرز کے ذریعے ہوتی ہے اور یہ جامعات کا طرہ امتیاز ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کے ایک انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے دنیا بھر میں جو ریسرچ پیپر چھپتے ہیں اس کی تعداد پاکستان کی تمام جامعات میں چھپنے والے ریسرچ پیپرز کے ٹوٹل سے زیادہ ہے اور یہ وہ جامعہ ہے جس نے کئی جامعات کو جنم دیا۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ نے پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ میں قدم رکھا ہے اور اس بات کا اندازہ آپ کو اس وقت ہوگا جب آپ یہاں سے ڈگری حاصل کریں گے۔
صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے تمام اساتذہ کی جانب سے نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی اعلیٰ تعلیم وتحقیق کا ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے اعلیٰ مقام ومرتبہ کے باعث معاشرے میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔انہوں نے نوواردان جامعہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہ یہ منظر آپ کو کسی اور جامعہ میں نظر نہیں آئے گا کہ آپ کے استقبال کیلئے شیخ الجامعہ،روئسائے کلیہ جات، عمائدین شہر اور اساتذہ ودیگر کی کثیر تعداد موجود ہو۔
مشیر اُمور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا نے نوواردان جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے جامعہ کراچی میں ہونے والی نصابی وغیر نصابی سر گرمیوں اور مشیر اُمور طلبہ کے زیر نگرانی کام کرنے والی سوسائیٹیز کے حوالے سے آگاہ کیااور کہا کہ جامعہ کراچی آپ کو نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے بھر پور مواقع فراہم کرتی ہے اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کتنا استفادہ کرتے ہیں۔
