
کراچی: نگراں وزیر اطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہا کہ جب امریکہ دریافت ہوا تو اس نے بم،بارود بعد میں پہلے یونیورسٹیاں بنائیں جس کی وجہ سے وہ آج پوری دنیا پر حکمرانی کررہا ہے۔
نگران وزیراطلاعات احمد شاہ نے جامعہ کراچی کی سابق پروفیسر وبانی شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیف ایمبسیڈر فوڈ سیفٹی اینڈ ہائی جین مقرر کرنے کے اعزاز میں ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی آج ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی وجہ وہاں کی جامعات میں ہونے والی تدریس وتحقیق ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کا عملہ ایسا ہونا چاہیے جو حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کیلئے تیار نہ ہو کیونکہ یہ ہماری زندگی کا مسئلہ ہے اور اس سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔
احمد شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے قلم اور تحریروں کے ذریعے انقلاب برپا کرنے کی ضرورت ہے، اگرچہ جدید ٹیکنالوجی نے ہمارے نوجوانوں کی ہر چیز تک با آسانی رسائی کو ممکن بنادیا ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے نوجوانوں کا فوکس نہیں ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ حکومت پاکستان نے تاحال ایک ایسی خاتون کو سول ایوارڈ سے نہیں نوازا جس نے اپنی زندگی تدریس وتحقیق کیلئے وقف کردی ہے۔ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ ان کو ایوارڈ ملنے میں مزید تاخیر نہیں ہوگی اور 14 اگست کو ان کو ایوارڈ دیا جائے گا۔
ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر نے کہا کہ ہم جامعہ کراچی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں،ایک لاکھ افراد پر ایک فوڈ انسپکٹر ناگزیر ہوتا ہے اس حساب سے سندھ میں 750 سے زائد فوڈ انسپکٹرز کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنے نوجوانوں کو علم کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
