جامعہ کراچی: تربت یونیورسٹی کے 35 رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

کراچی: جامعہ تربت بلوچستان کے شعبہ کیمیاء کے ایک وفد نے گزشتہ روز انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) اور ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ (کبجی)جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔تین اساتذہ،17 طلبااور15 طالبات پر مشتمل وفد کراچی کے تین روزہ مطالعاتی دورے پرآیاہے۔وفدمیں شامل تمام طلباوطالبات بی ایس پروگرام ایم ایس سی سال آخر کے طلبہ ہیں۔وفدنے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات کی اور وائس چانسلر کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو آن ہینڈ ٹریننگ پروگرام اور انٹرن شپ کی پیشکش کی اور کہاکہ جامعہ کراچی کی جانب سے بلوچستان سے آنے والے طلبہ کو رہائش،لاجسٹکس اورٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔

 

علاوہ ازیں شیخ الجامعہ نے جامعہ کراچی کی سینٹرلائزڈسائنس لیبارٹری میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو مفت سہولیات فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی اور ایک لیکچرسیریز شروع کرنے پر زوردیا تاکہ جامعہ کے فیکلٹی کے تجربات سے تربت یونیورسٹی کے طلبہ استفادہ کرسکیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے طلباء سے کہا کہ وہ معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں کم از کم ایک بچے کو تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور تمام تعلیمی اداروں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرناچاہیئے۔ بلوچستان اور ملک کے کچھ دیگر حصے ابھی بھی پسماندہ ہیں لہٰذا ان کی ہر ممکن مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے یہ پیشکش بھی کی کہ یونیورسٹی آف تربت کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء جامعہ کراچی سے معاون سپروائزر رکھ سکتے ہیں۔

اس موقع پر کبجی جامعہ کراچی کے اساتذہ نے بھی اپنے تجربات کووفد کے ساتھ شیئر کیا اور بتایا کہ جب بھی انہیں مدد کی ضرورت ہو وہ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی ممبران نجم الدین، کیا ہاشم اور زینب علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سی امیدوں کے ساتھ جامعہ کراچی آئے ہیں لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ کے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی انہیں اتنی پیشکش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے صوبے میں تعلیمی اور تحقیقی سہولیات بہت محدود ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کی مدد سے ان کے طلباء جامعہ کراچی کی مختلف لیبز میں انٹرن شپ اور ہینڈ آن ٹریننگ سے بہت کچھ سیکھیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں