
کراچی(رپورٹ: اے بی لاشاری) سندھ میں نگران وزیراعلی کے نام پر جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان میں اتفاق ہوگیا، جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مزے ختم، سندھ میں پندرہ سالہ سیاہ دور کا خاتمہ ہونے کو ہے، عوام آج یوم نجات منائیں، سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے، ایم کیوایم پاکستان اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ ملکر بنائینگے سندھ میں ملازمتوں کے نام پر غریب عوام سے وصول کئے گئے پیسے واپس کئے جائیں ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم، عرفان اللہ مروت، سید اسمعیل شاہ اور ایم کیوایم رہنما جاوید حنیف ارشد وہرہ اور دیگر نے جمعرات کو فنکشنل لیگ ہاؤس میں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جی ڈی اے رہنما بیرسٹر حسنین مرزا، ڈاکٹر رفیق بانبھن، عبدالکریم شر، سید مرتضی شاہ، ارشد شر بلوچ، سید خرم شاہ، عرفان راجڑ اور دیگر موجود تھے سردار عبدالرحیم کا مزید کہنا تھا کہ جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان کی طرف سے چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی آج کمیٹی کے ارکان کے درمیان اہم میٹنگ تھی جس میں سیاسی حالات اور نگراں حکومت کے قیام کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے وفاق میں ابھی تک عبوری نام سامنے نہیں آئے وفاق کی سطح پر فیصلہ اور سندھ حکومت کی تحلیل تک نام دینا مناسب نہیں ہے ہم نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے قومی اسمبلی کے بعد سندھ اسمبلی کو بھی تحلیل ہونا ہے جسکے بعد ہم اپنے ناموں کا باضابطہ اعلان کرینگے.
انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہے کہ کرپشن کا بازار گرم کریں پیپلزپارٹی نے نوکریوں کی بندر بانٹ لگائی ہوئی تھی ایم کیوایم پاکستان کی درخواست پر حکم امتناعی آیا ہے جس پر ایم کیوایم مبارکباد کی مستحق ہے غریب عوام کو ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دیا جارہا تھا.

سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ ملکر بنائینگے جن افراد سے نوکریوں کے عیوض پیسے وصول کئے وہ فوری واپس کئے جائیں اطلاعات ہیں کہ انہوں نے کروڑوں اربوں روپے غریب عوام سے بٹورے ہیں.
ایک سوال کے جواب میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ہم نے نگراں وزیراعلی اور کابینہ کے ناموں پر اتفاق رائے کرلیا ہےاس بات پر بھی اتفاق رائے کہ پیپلزپارٹی کو کوئی ایڈوانٹیج نہیں لینے دینگے پیپلزپارٹی کو اس مرتبہ آؤٹ کرینگے ہم مشترکہ جدوجہد کرینگے.
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے راشد محمود سومرو باخبر سیاستدان ہیں وہ جو بات کہتے ہیں اپنے تجربے کی بنیاد پر کہتے ہیں پیپلزپارٹی کے مزے ختم ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر جاوید حنیف رہنما ایم کیوایم پاکستان کا کہنا تھا کہ پچھلے پندرہ برسوں سے سندھ میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم تھا انکا سیاہ دور ختم ہونے والا ہے ہر جگہ انکی کرپشن اور نااہلی نظر آئیگی کوئی حادثہ ہوتا ہے تو ایمبولینس نہیں ملتی لوگ اپنے پیاروں کو گدھا گاڑیوں پر لے کر اسپتال جاتے ہیں یہ ہمارے ٹیکس کے لاکھوں روپے کے اشتہارات دیکر صرف خوبصورت عمارتیں دکھاتے ہیں ایسا سندھ میں عملی طور پر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ سمیت پورے سندھ میں سانپ کے کاٹے کی ادویات دستیاب نہیں ہیں تھر میں بچے مررہے ہیں کل پوری قوم یوم نجات منائیگی انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن امان کی صورتحال بدتر ہے روزانہ سینکڑوں موبائل فون چھین لئے جاتے ہیں سندھ کی حکومت سے نجات ملے گی جی ڈی اے اور جے یو آئی سے بات ہوئی ہے اب انکو مزے لینے نہیں دینگے یہ صرف پیسے اور طاقت کے زور پر اقتدار میں آتے ہیں اس مرتبہ انکو موقع نہیں دینگےہمارا اتحاد برقرار رہے گاجاتے جاتے یہ نوکریوں کی بندر بانٹ کررہے تھےساڑھے تین لاکھ ملازمتیں پہلے جیالوں کو دے چکے ہیں
جاوید حنیف نے کہا کہ کچھ لوگوں کے نہیں بلکہ عوام کے حالات بدلنے چاہئیں کل تک جن کے پاس سائیکل نہیں تھی انکے پاس آج پراڈو ہے جاوید حنیف کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہم نے آصف علی زرداری کو صدرمملکت کے لئے ووٹ اچھی امید پر کیا تھا اس طرح لوگوں کو پہچانا جاتا ہے ہم انکے چہرے پہچان گئے ہیں ہم نے مشکل وقت سے سیکھ لیا ہے
ایم کیو ایم رہنما جاوید حنیف کا کہنا تھا کہ سیاستدان سیکھ کر پکے ہوتے ہیں جب تک آفیشیلی نام سامنے نہ آئے کسی نام پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔
عرفان اللہ مروت رہنما جی ڈی اے نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے اعلان کیا تھا کہ جس دن قومی اسمبلی تحلیل ہوگی اس دن سندھ اسمبلی بھی تحلیل ہوجائیگی قومی اسمبلی تحلیل ہوچکی مگر سندھ اسمبلی کا آج بھی اجلاس ہورہا ہےہم انتظار کررہے ہیں اسمبلی تحلیل ہو جائے نام سامنے لے آئینگے ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے ناموں کو اتفاق رائے سے حتمی شکل دی گئی ہے۔
