سندھ حکومت کا نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے 100 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں، آئی ورک فار سندھ کے ذریعے نوجوانوں کی مہارتوں اور مارکیٹ کی ضروریات میں ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے۔ آئی ورک فار سندھ پر اب تک 51 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک لاکھ 36 ہزار 547 امیدوار رجسٹرڈ ہیں ، 721 کمپنیاں پلیٹ فارم پر موجودہیں۔ ڈجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 31 ہزار 270 ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کیے جا چکے، 24 ہزار 766 ملازمتیں فعال ہیں۔امیدواروں کی جانب سے 4 لاکھ 73 ہزار 339 درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں اور آجر اداروں میں رابطے کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔سندھ حکومت روزگار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔آئی ورک فار سندھ پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ 1,800 سے زائد مختصر تربیتی کورسز تک رسائی فراہم کی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اب تک 4,620 امیدوار اپنے کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 5,789 امیدوار مختلف کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔ پلیٹ فارم پر سرکاری اور نجی شعبے کی ملازمتوں کو خودکار طریقے سے شامل کرنے کا نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔منصوبے کی ابتدائی تیاری اور عمل درآمد کے لیے آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ کی مدت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر نئی ملازمتوں کے الرٹس کی سہولت بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
