پشاور اسکول سانحے کا مقدمہ درج
مقدمہ عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز کے خلاف درج کیا گیا
پشاور: دیر کالونی اسکول میں چھت گرنے سے بچوں و خاتون ٹیچر کی ہلاکتوں اور 52 افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ آغہ میر جانی شاہ میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق اسکول کی عمارت میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا اور عمارت بوسیدہ ہونے کے باعث اس کی حالت غیر موزوں تھی۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی سے متعلق پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں، تاہم بچوں کی جانب سے شکایات کے باوجود اسکول مالکان نے مبینہ طور پر کوئی شنوائی نہیں کی۔
حادثے کے دوران اسکول کی دوسری منزل پر قائم نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گر گئیں۔
اس واقعے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی گئی، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔
