وزیراعظم شہباز شریف سے ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری وفد کی ملاقات
حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف سے ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک میں معاشی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا گیا اور برآمدکنندگان کےلیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مشاورت ہے اور بجٹ سازی کے عمل کے دوران کاروباری برادری کی جانب سے پیش کردہ قیمتی تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی متعدد تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، توانائی کی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم نے حال ہی میں قائم کیے گئے ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کو تجارت کے فروغ کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی کارکردگی اور دائرہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ایک آسان اور سہل پلیٹ فورم مہیا کیا گیا ہے جہاں ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری شعبے پر غیرضروری ریگولیٹری بوجھ کم کرنے کے لیے ریگولیٹری گلوٹین پر کام جاری ہے، اس اقدام کا مقصد قواعد و ضوابط کو آسان بنانا، کمپلائنس لاگت کم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید سہل بنانا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ایک بڑا کام مکمل کر لیا گیا ہے، ایف بی آر نے انفورسمنٹ کے ذریعے گزشتہ مالی سال میں 800 ارب روپے اکٹھے کیے۔
کاروباری وفد کو وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری لانے کے لیے ہمیں مزید محنت کرنی ہے تاکہ معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ حکومت صنعت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افراد فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
