چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹاؤن آفس کورنگی نمبر ½2 سے ایک بھرپور اور منظم ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، پی ایس کے خواتین ونگ کی صدور، سیاسی و سماجی شخصیات، کورنگی ٹاؤن کے مختلف محکموں کے سربراہان، افسران و ملازمین سمیت کورنگی کی عوام بڑی تعداد میں موجود تھی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
ریلی میں شریک افسران و ملازمین نے قومی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکاء نے کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف مختلف نعرے بھی لگائے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی عوام اور سرکاری ادارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اپنے اصولی مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ریلی کے انعقاد سے قبل چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے تمام ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے تمام افسران و ملازمین کی ریلی میں بھرپور اور لازمی شرکت کو یقینی بنائیں۔ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کورنگی ٹاؤن کے مختلف شعبہ جات کے افسران و ملازمین نے منظم انداز میں ریلی میں شرکت کی اور یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے قومی جذبے کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان کی عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کے قومی مؤقف کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے اقدامات اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کورنگی ٹاؤن کے افسران و ملازمین نے آج کی ریلی میں شرکت کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ قومی اور ملی معاملات پر پوری انتظامیہ متحد اور یک آواز ہے۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریلی کا مقصد صرف احتجاج ریکارڈ کرانا نہیں بلکہ کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ پاکستانی قوم ان کی جدوجہد اور مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر "کشمیر بنے گا پاکستان”، "کشمیری عوام سے یکجہتی”، "بھارتی ظلم و بربریت نامنظور” اور دیگر قومی و ملی نعرے لگائے۔شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ریلی میں کورنگی ٹاؤن کے مختلف محکموں کے افسران و ملازمین نے بھرپور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے پرامن انداز میں ریلی میں شرکت کی اور یومِ استحصالِ کشمیر کے پیغام کو اجاگر کیا۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، سلامتی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے ریلی میں بھرپور شرکت پر تمام افسران، ڈائریکٹرز، محکمہ جات کے سربراہان اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی، اتحاد اور کشمیر کاز کے حوالے سے کورنگی ٹاؤن کی انتظامیہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور یومِ استحصالِ کشمیر کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جائے گا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں، بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔
