پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن اور دفاعی توازن کی ضمانت:یومِ تکبیر پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن اور دفاعی توازن کی ضمانت:یومِ تکبیر پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنے خاص پیغامات جاری کیے ہیں۔

یوم تکبیر 2026ء کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے ملک کو ناقابلِ تسخیر دفاع اور اسٹریٹیجک خودمختاری فراہم کی۔یہ دن قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی علامت ہے۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی دفاع اور سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر ملکی سائنسدانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان شخصیات کی قربانیوں اور محنت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

آصف زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے فیصلے پر ثابت قدم رہا۔ ملک کی دفاعی حکمت عملی نہ صرف قومی سلامتی بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

آصف علی زرداری نے جدید جنگی رجحانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں سائبر وار فیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی جنگی حکمت عملی میں فیصلہ کن اہمیت اختیار کریں گے، لہٰذا پاکستان کو ان شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے اور اس کے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر  کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی وحدت اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا تھا۔28 مئی 1998ء کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کامیاب جوہری دھماکے کر کے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیت سے ہر گز غافل نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن گواہی دیتا ہے کہ مملکت خداداد جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اسے خطہ ارض پر نقش کیا اسکا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے۔آج کے دن ہم پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی تکمیل میں شامل تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جن میں ذوالفقار علی بھٹو کی فکر انگیزی اور محمد نواز شریف کی بے لوث فیصلہ سازی اور قیادت اور قومی ہیروز ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی خدمات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز، ماہرین، افواجِ پاکستان اور کارکنان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں