کسی بھی علاقے میں کچرے یا آلائشوں کے ڈھیر جمع نہ ہونے دیے جائیں: قائم مقام چیئرمین کورنگی ٹاؤن

کسی بھی علاقے میں کچرے یا آلائشوں کے ڈھیر جمع نہ ہونے دیے جائیں: قائم مقام چیئرمین کورنگی ٹاؤن

کراچی: قائم مقام چیئرمین زرین اعوان نے مختلف علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عید کے تینوں دن صفائی کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور کسی بھی علاقے میں کچرے یا آلائشوں کے ڈھیر جمع نہ ہونے دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو بلاتعطل بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر متحرک ہے اور تمام دستیاب وسائل عوامی خدمت کے لئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ دورے کے دوران قائم مقام چیئرمین نے مختلف یوسیز میں صفائی، چونے کے چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے، پانی کی نکاسی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

زرین اعوان نے مختلف آلائش کلیکشن پوائنٹس پر موجود سینیٹری عملے اور افسران سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی عملہ جس جذبے اور محنت کے ساتھ فرائض انجام دے رہا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ کورنگی ٹاؤن کا تمام عملہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے دن رات فیلڈ میں موجود ہے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی قیادت میں صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کے باعث مختلف علاقوں میں صورتحال تسلی بخش رہی اور آلائشوں کی بروقت منتقلی کے لئے تمام یوسیز میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور جہاں کہیں بھی شکایات موصول ہوں وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

قائم مقام چیئرمین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، آلائشیں مقررہ کلیکشن پوائنٹس تک پہنچائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے اور کورنگی ٹاؤن کو صاف اور خوبصورت رکھا جا سکتا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں