چیئرمین صدر ٹاؤن کی ہدایت پر میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن عمار خان کا مختلف ہیٹ اسٹروک کیمپوں کا دورہ
کراچی: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو فوری طبی سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے صدر ٹاؤن میں قائم مختلف ہیٹ اسٹروک کیمپوں کا میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن عمار خان نے تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید فرحان بھی موجود تھے
دورے کے دوران انہوں نے مختلف علاقوں میں قائم ہیٹ اسٹروک کیمپوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ٹھنڈے پانی، او آر ایس، ابتدائی طبی امداد، سایہ دار مقامات اور شہریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور طبی عملے نے انہیں کیمپوں میں جاری سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
میونسپل کمشنر عمار خان نے کہا کہ موجودہ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا صدر ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہیٹ اسٹروک کیمپوں میں ادویات، پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی، او آر ایس اور طبی عملے کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
میونسپل کمشنر عمار خان نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہیٹ اسٹروک کیمپ یا اسپتال سے رجوع کریں۔
انہوں نے کیمپوں میں موجود طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض کی انجام دہی قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر شہریوں نے صدر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے ہیٹ اسٹروک کیمپوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو عوامی خدمت کا بہترین عملی نمونہ قرار دیا۔
صدر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف اہم مقامات پر ہیٹ اسٹروک کیمپ بدستور فعال ہیں جہاں شہریوں کو مفت طبی امداد اور ٹھنڈے مشروبات فراہم کیے جا رہے ہیں۔
