چیئرمین صفورا ٹاؤن کی ہدایت پر عیدالضحی انتظامات کے حوالے سے اجلاس، آلائشیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت
کراچی: چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی کی ہدایت پر میونسپل کمشنر صفورا ٹاؤن عالمگیر جونیجو کی صدارت میں عیدالضحی آپریشن کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ شکیل میمن ، انچارج میونسپل سروسز حافظ عبداللہ ،اراکین کونسل صفورا ٹاؤن ودیگر نے شرکت کی.
اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسر شکیل میمن نے میونسپل کمشنر عالمگیر جونیجو و اراکین کونسل کو عیدالضحی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 80 مختلف نوعیت کی گاڑیوں کی مدد سے آلائشیں اٹھائ جائیں گی جبکہ صفورا ٹاؤن میں پانچ کلیکشن پوائنٹس موسمیات،بلاک 15 گلستان جوہر،فاریہ چوک،اے جی پی آر یونیورسٹی روڈ اور جمالی پل پر بنائے جائیں گے جبکہ مشینری آخری آلائش کے کلئیر ہونے تک یوسیز میں موجود رہیں گی،ہر یوسی کو 30 بوری چونا فراہم کیا جائے گا.
اراکین کونسل الیاس گبول،ثاقب راجپوت،امروز امام،شمیم صدیقی،ارشد سکندر ،سائرہ سجاد اور راحت زیب خان نے گاڑیوں کی کمی پر اعتراض اٹھانے کے ساتھ گاڑیاں ومشینری کی گزشتہ یدالضحی میں دیر سے یوسی پہنچنے کی شکایت کی اور کہا کہ یہ ایک بہت بڑا آپریشن ہوتا ہے جس میں غلطی کی کوئ گنجائش نہیں ہے لہذا سابقہ کوتاہیوں کو اس مرتبہ قطعی دہرایا نہ جائے.
میونسپل کمشنر عالمگیر جونیجو نے اس موقع پر کہا کہ کمشنر کراچی سے میٹنگ کے دوران زور دیا گیا ہے کہ ٹاؤن اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کا کوآرڈینیشن مضبوط ہونا چاہیئے اس لئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دے رہے ہیں ،گاڑیوں کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ بروقت گاڑیوں کو اسپاٹ پر پہنچانے کیلئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران اپنا کردار ادا کریں،ٹاؤن عید کے تینوں دن بھرپور مانیٹرنگ کے کام سر انجام دے گا کیونکہ یہ کام سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ سر انجام دے رہا ہے لہذا اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ یوسیز کی ڈیمانڈ کو پورا کرے انچارج میونسپل سروسز حافظ عبداللہ نے موجود افسران سے کہا کہ بی آر ٹی پروجیکٹ کے راستے پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں.
