کورنگی ٹاؤن میں ہفتہ “معرکۂ حق” جوش و جذبے سے جاری، ریلی میں بھرپور شرکت
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے چیئرمین محمد نعیم شیخ کی سربراہی میں کورنگی ٹاؤن میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، قومی اتحاد و یگانگت اور معرکۂ حق میں پاک فوج کی شاندار کامیابی کے حوالے سے ہفتہ ”معرکۂ حق“ انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں آج پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت سی ویو پر منعقد ہونے والی مرکزی اور شاندار تقریب میں کورنگی ٹاؤن کی جانب سے بھرپور انداز میں شرکت کی گئی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین کورنگی ٹاؤن زرین اعوان کے ہمراہ فوكل پرسن UC-2 عرفان غنی، صدر پیپلز یوتھ ارگنائزیشن PS-95 کورنگی وقار لودھی، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے افسران، بلدیاتی نمائندگان، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کی صورت میں شرکت کی۔
ریلی کے ہمراہ خصوصی طور پر تیار کردہ خوبصورت فلوٹ بھی شامل تھا جسے قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں نعروں، ملی ترانوں اور حب الوطنی کے رنگوں سے سجایا گیا تھا۔ فلوٹ اور ریلی نے شرکاء اور شہریوں کی خصوصی توجہ حاصل کی جبکہ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری قومی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی علامت ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ ”معرکۂ حق“ منانے کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، قومی اتحاد اور اپنی افواج سے محبت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فوج نے جس جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ قومی اداروں کے استحکام اور ملکی سلامتی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے اور آج کی یہ بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔
مرکزی تقریب میں شریک شرکاء نے قومی پرچم تھامے حب الوطنی کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا جبکہ ملی نغموں اور قومی نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ تقریب میں مختلف علاقوں سے آنے والے کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ کورنگی ٹاؤن کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس شاندار شرکت اور ریلی کو شہریوں نے بے حد سراہا اور اسے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاک فوج سے عوامی محبت کا عملی مظہر قرار دیا۔
