سیتاروڈ کے قریب ڈکیتی کی واردات، متاثرین کا احتجاج، امن و انصاف کا مطالبہ
سیتاروڈ (رپورٹ: منور سولنگی) ستاروڈ کے قریب کچی آبادی کے علاقے سیتا ولیج میں رات گئے ہدایت اللہ میمن عرف داد میمن کی کریانہ کی دکان پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا اور دکاندار اور گاہکوں کو زبردستی یرغمال بنا لیا۔
نامعلوم مسلح افراد نے دکاندار داد میمن سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔
دکاندار ہدایت اللہ میمن نے میڈیا کو بتایا کہ اب ظلم و جبر انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ شریف شہری نہ کام کر سکتے ہیں اور نہ ہی باہر جا سکتے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد سے پولیس کا خوف ختم ہوچکا ہے۔
ہدایت اللہ میمن نے کہا کہ جرئم پیشہ افراد سرعام لوگوں کو تشدد کا نشانہ بناکر لوٹ مار کرتے ہیں مگر پولیس مجرموں کے سامنے بالکل بے بس نظر آتی ہے۔
دکاندار ہدایت اللہ میمن و دیگر نے ایس ایس پی دادو و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ امن امان کی خاطر جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے جائے اور سامان واپس کرواکر انصاف فراہم کیا جائے۔
