ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد میں کونسل کا اجلاس، مختلف قراردادیں منظور
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کا پندرہواں کونسل اجلاس چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
اجلاس میں وائس چیئرمین اسحاق تیموری،یوسی چیئر مینز، وائس چیئر مینز اور متعلقہ بلدیاتی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سب سے پہلے مورخہ 21 جنوری کو منعقد ہونے والے گزشتہ کونسل اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی۔ بعد ازاں مختلف اہم قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔پہلی قرارداد کے تحت لیاقت آباد کے میٹرنٹی ہومز اور ڈسپنسریز میں میسرز یو این آئی کاپوریشن کے تحت خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے معاہدوں کی منظوری دی گئی۔
دوسری قرارداد میں مالی سال 2025-26 کے مجوزہ بجٹ کے تحت سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق نظرثانی شدہ تخمینوں اور فنڈز میں ردوبدل کی منظوری دی گئی۔تیسری قرارداد کے تحت یونین کونسل نمبر 3 بندھانی کالونی کی ایک اہم شاہراہ کو عبد الغفار پدھااسٹریٹ کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔چوتھی قرارداد میں لیاقت آباد نمبر 10 سے تین ہٹی تک مین روڈ کی تعمیر و مرمت کے منصوبے میں کے ایم سی کی جانب سے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کو اعتماد میں نہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی تجویز کی گئی۔پانچویں قرارداد کے تحت گریڈ 1 سے گریڈ 4 تک کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔چھٹی قرارداد میں لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور بہتری کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں پیش کی گئیں تمام قراردادیں اتفاقِ رائے سے منظور کی گئیں،چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بلدیاتی نظام کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور منظور شدہ قراردادوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
