چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کا جاری ،کلین اینڈ گرین کورنگی، مہم کے تحت یوسی 8 کا تفصیلی دورہ کیا
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے جاری کلین اینڈ گرین کورنگی مہم کے تحت یوسی 8 کا تفصیلی دورہ کیا اور علاقے میں صفائی و ستھرائی، کچرا اٹھانے، نالوں کی صفائی اور پارکس کی بہتری کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر یوسی 8 کے وائس چیئرمین عمر فاروق، ڈائریکٹر پارکس، ڈائریکٹر سینی ٹیشن، متعلقہ بلدیاتی افسران اور ملازمین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے مختلف شاہراہوں، گلیوں اور عوامی مقامات پر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت دی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کلین اینڈ گرین کورنگی مہم کا مقصد صرف صفائی نہیں بلکہ پورے ٹاؤن کو سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر یوسی میں مرحلہ وار صفائی، شجرکاری، فٹ پاتھوں کی تزئین و آرائش اور پارکس کی بحالی کا کام جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور صفائی کے کاموں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اہلِ علاقہ نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی جانب سے جاری صفائی مہم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مہم سے کورنگی کے مختلف علاقوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
