کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو کا سوشل سیکورٹی ہسپتال کوٹری اور حیدرآباد سرکل کا اچانک دورہ
کوٹری: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن (SESSI) ہادی بخش کلہوڑو نے آج ہفتہ کے روز سوشل سیکورٹی ہسپتال کوٹری اور سوشل سیکیورٹی حیدرآباد سرکل کا اچانک دورہ کیا۔
ممبر گورننگ باڈی سیسی عبدالواحد شورو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سوشل سیکورٹی ہسپتال کوٹری ڈاکٹر الیاس رحمان نے کمشنر سیسی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرینٹنڈنٹ نے کمشنر سیسی کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صوبہ سندھ میں منکی پاکس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے حوالے سے اقدامات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد، ایمرجنسی سروسز، روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد، ہسپتال کی توسیعی منصوبہ بندی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر سیسی نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال کے ایمرجنسی/شعبہ حادثات، مختلف وارڈز، لیبارٹری، فارمیسی اور ڈرگ اسٹور کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
بعد ازاں کمشنر سیسی نے سوشل سیکیورٹی حیدرآباد سرکل کا بھی دورہ کیا، جہاں سرکل کے تحت کام کرنے والی مختلف ڈسپنسریوں کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ کمشنر سیسی نے سوشل سیکورٹی نوری آباد ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ نے کمشنر سیسی کو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کرایا اوروہاں تحفظ یافتہ محنت کشوں دی جانے والی طبی سہولتوں سے کمشنر سیسی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ ہسپتال کے دورے کے موقع پر ممبرگورننگ باڈی سیسی عبدالواحد شورو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر سیسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ محنت کش مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
