چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود اور صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے ایک اہم اور مؤثر پیش رفت کے طور پر انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے اس خصوصی مہم کا افتتاح کیا اور ننھے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا کر اس قومی و انسانی فریضے کا عملی آغاز کیا۔
یہ نہ صرف انتظامی سطح پر ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی بلکہ اس میں عوامی شرکت نے بھی اس مہم کو ایک اجتماعی مشن کی شکل دے دی۔ اس مہم میں ٹاؤن افسران، محکمۂ صحت سندھ کے نمائندگان، پولیو ورکرز، منتخب عوامی نمائندے، سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فضا قومی یکجہتی، خدمتِ انسانیت اور مستقبل کے تحفظ کے جذبے سے معمور نظر آئی، جبکہ والدین کی جانب سے اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے عزم کا بھرپور اظہار بھی دیکھنے میں آیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ پولیو ایک مہلک اور ناقابلِ علاج مرض ہے جو بچوں کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے متاثر کر دیتا ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے مسلسل اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ سندھ کی ہدایات اور وژن کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اس حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران لازمی حفاظتی قطرے پلوائیں، کیونکہ یہی عمل ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی انتظامیہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر متحرک ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ اس اہم حفاظتی اقدام سے محروم نہ رہے۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ پولیو ٹیموں کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں، اور ہر یونین کونسل میں مکمل کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ پولیو ورکرز مکمل تحفظ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
چیئرمین نے پولیو ورکرز کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ یہ افراد درحقیقت قوم کے گمنام ہیرو ہیں، جو شدید گرمی، مشکل حالات اور مختلف خطرات کے باوجود اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ان ورکرز کی حفاظت، سہولت اور حوصلہ افزائی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ مزید جذبے کے ساتھ اپنا کام جاری رکھ سکیں۔
محکمۂ صحت سندھ کے نمائندگان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے دوران منگھوپیر ٹاؤن کی تمام یونین کونسلز میں ہزاروں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے موبائل ٹیموں کے علاوہ فکسڈ ویکسی نیشن سینٹرز اور اہم گزرگاہوں (ٹرانزٹ پوائنٹس) پر بھی خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی بچے تک رسائی میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسدادِ پولیو مہم محض ایک سرکاری مہم نہیں بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ایسی مربوط اور منظم مہمات بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں یا غلط معلومات پر ہرگز کان نہ دھریں۔
منگھوپیر ٹاؤن میں اس مہم کا آغاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقامی قیادت، حکومتِ سندھ کے وژن کے تحت، صحتِ عامہ کے تحفظ اور نئی نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے سنجیدہ، متحرک اور پُرعزم ہے۔ یہ مہم نہ صرف ایک بیماری کے خاتمے کی جانب قدم ہے بلکہ ایک صحت مند، محفوظ اور روشن سندھ کی تعمیر کی جانب ایک مضبوط بنیاد بھی ہے۔
