پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کا دارومدار ایک مؤثر اور معیاری نظامِ تعلیم پر ہے: منصور احمد شیخ
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کا دارومدار ایک مؤثر اور معیاری نظامِ تعلیم پر ہے جبکہ اقوام کی بقا ء درحقیقت تعلیم کے فروغ میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں صدر ٹاؤن انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کھارادر میں واقع شوکت خانم اسکول نمبر 34 اور 35 کی ازسرِ نو تعمیر کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرٹاؤن اراکین کونسل، متعلقہ افسران، اساتذہ کرام، علاقے کے معززین اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی
چیئرمین صدر ٹاؤن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صدر ٹاؤن میں رہنے والے افراد اس صوبے کے کئی شہروں اور علاقوں کی نسبت تعلیم کے میدان میں بہت آگے ہیں یہاں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اسکول،کالجز،اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے زندگی کے ہر شعبے میں اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں منصور احمد شیخ نے کہا کہ مذکورہ اسکولوں کی جدید خطوط پر تعمیر نو کا مقصد طلبہ کو بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے تعمیر شدہ اسکول میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، صاف ستھرے کلاس رومز، بہتر بیٹھنے کے انتظامات اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔چیئر میں صدر ٹاؤن نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کی ہدایات کے تحت سرکاری اسکولوں میں نظامِ تعلیم کے معیار کو مزید بلند کیا جا رہا ہے تاکہ یہ ادارے نجی تعلیمی اداروں کا مقابلہ کر سکیں اور عوام کا اعتماد بحال ہو ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر ٹاؤن میں مزید تعلیمی منصوبوں پر بھی کام جاری رکھا جائے گا اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
