جامعہ کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جامعہ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی فائراسٹیشن تعمیر کرے گا

کراچی: جامعہ کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کراچی کوتین عددموبائل وینز،ایک کوسٹر،ایک ایمبولینس جبکہ ایک فائرانجن فراہم کیاگیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ جامعہ کراچی شہرکراچی کی پہچان بلکہ خود ایک شہر ہے جہاں پر ملک کے کونے کونے سے طلباوطالبات حصول علم کے لئے آتے ہیں،جامعہ سے فارغ التحصیل طلبہ آپ کو ملک کے ہرکونے میں ملے گے۔جامعات نہ صرف ملکوں کی ترقی میں کلیدی کرداراداکرتی ہیں بلکہ معاشرے کی درست سمت کے تعین کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ڈاکٹر سیف الرحمن نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کے ملازمین کو فائر فائٹر کی تربیت فراہم کی جائے گی اور جامعہ کراچی میں باقاعدہ ایک فائراسٹیشن بھی تعمیر کیاجائے گا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کو فائرانجن،موبائل وینز،ایمبولینس اور کوسٹر کی فراہمی لائق تحسین ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فائراسٹیشن کی تعمیرکے لئے زمین جامعہ کراچی فراہم کرے گی اور میری خواہش ہوگی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فائراسٹیشن کی تعمیر کو یقینی بنائے تاکہ تعمیر کئے جانے والے فائراسٹیشن سے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ اس کے قرب وجوارمیں واقع علاقے بھی مستفید ہوسکیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جامعہ کراچی نے اسی حالت میں مذکورہ گاڑیوں کا انتخاب کیا تھا کیونکہ ان گاڑیوں کی تھوڑی بہت مرمت اور تزئین وآرائش کرکے قابل استعمال بنایاجاسکتاہے۔جامعہ کراچی کا شعبہ ٹرانسپورٹ بہت جلد ان گاڑیوں کی مرمت اور تزئین وآرائش کرکے ان کو شعبہ ٹرانسپورٹ کا حصہ بنادیاجائے گا۔ڈاکٹر خالد عرقی نے مزید کہا کہ جامعہ کے نامساعد مالی حالات میں ان گاڑیوں کا ملنا کسی نعمت سے کم نہیں،میں  بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بالخصوص ایڈمنسٹریٹر کراچی کا بیحد مشکور ہوں کی جن ذاتی دلچسپی کی بدولت مذکورہ گاڑیوں کا حصول ممکن ہوا۔اس سے قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی نے جامعہ کو دس بسوں کو تحفہ دیا جس کے ذریعے طلباوطالبات کو سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

شیخ الجامعہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ جب کوئی جامعہ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتاہے اور بالخصوص جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباوطالبات جب جامعہ کراچی کی تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں تو وہ اپنی مادرعلمی سے محبت کا ثبو ت دیتے ہیں اور ڈاکٹر سیف الرحمن اس میں پیش پیش ہیں۔تقریب میں مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،ڈاکٹر قدیر محمد علی،ڈاکٹر سید ظفرحسین،صدرآفیسرزویلفیئرایسوسی ایشن جامعہ کراچی محمد فرید صدیقی اور ایسوسی ایشن کے دیگر تمام عہدیداران بھی موجودتھے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں