این ڈی ایم اے نے فلسطین کے لیے مزیدامدادی سامان روانہ کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے فلسطین کے لیے مزیدامدادی سامان روانہ کر دیا۔ 100 ٹن سامان پر مشتمل مجموعی طور پر28ویں امدادی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی۔
100 ٹن خیموں پر مشتمل امدادی سامان بذریعہ خصوصی پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہورسے روانہ کیا گیا ۔اب تک 28امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن2727 ٹن ہے۔
سامان روانگی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب ایم پی اے میاں بلال یاسین تھےتقریب میں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے افسران سمیت حکومتی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
حکومت پاکستان اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی
