وزیر داخلہ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی
کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر سیہون شریف اور ملحقہ علاقوں میں زائرین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف اور مربوط سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عرس کے دوران پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی اشتراک اور مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت دی کہ مزار کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے عمل کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے تاکہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے پیش نظر مزار کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسنفر ڈاگز کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیہون شریف میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کی جائیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے پارکنگ کے خصوصی مقامات مختص کیے جائیں گے جبکہ مزار کے اطراف غیر ضروری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عرس کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل راستوں کی نشاندہی کے ساتھ موثر رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو سروسز، ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیموں کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے۔
عرس کے دوران ہوٹلوں، سرائے اور کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید موثر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعائون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ عرس کی تقریبات کا پرامن اور محفوظ ماحول میں آغاز اور اختتام یقینی بنایا جاسکے۔
