حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات محبت،رواداری، اور انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیتی ہیں: گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 774ویں عرس مبارک کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیتی ہیں۔آپؒ نے اپنے کردار اور عمل سے امن، اخوت اور روحانیت کی ایسی شمع روشن کی جو آج بھی دلوں کو منور کر رہی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں برداشت، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔عرسِ قلندرؒ عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کے اظہار کا عظیم موقع ہے۔صوفیائے کرام نے دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی محبت، امن اور انسانیت کو عام کیا،آج کے دور میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ صوفیوں اور بزرگوں کی سرزمین ہے، یہاں امن، محبت اور بھائی چارے کی روایت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔
