جماعت اسلامی بتائے 9 ٹاؤنز ہوتے ہوئے کراچی میں کیا کیاہے:گورنر سندھ

جماعت اسلامی بتائے 9 ٹاؤنز ہوتے ہوئے کراچی میں کیا کیاہے:گورنر سندھ

کراچی:  گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کراچی میں 9 ٹاؤنز ہیں لیکن بتائیں اس نے کیا کیا، گل پلازہ متاثرین تک پہنچنے کے بجائے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین ٹی وی دیکھتے رہے۔

سانحہ گل پلازہ میں ہلاک ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھے افراد کے ورثاء سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز ہیں اور ضلع وسطی ان کے ساتھ ہے۔ آپ کراچی میں میئر کی سیٹ کے پیچھے پڑے ہیں، مجھے بتائیں کہ آپ پہلے دن سانحہ گل پلازہ پر کیوں نہیں پہنچے، آپ کے نمائندے دوسرے دن بھی پہنچ گئے۔

انہون نے کہا کہ آپ بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں، آؤ میرے پاس بیٹھو اور بتائیں کہ آپ کی کارکردگی کیا ہے۔ عمران خان کی بہنیں اور حلقے کے پی ٹی آئی ایم پی اے بھی متاثرین کے پاس نہیں پہنچے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شہید ہوئے تاہم واقعے کو بارہ روز گزرنے کے باوجود تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جو کہ تشویشناک ہے۔ عوام جاننا چاہتی ہے کہ ذمہ داروں کو سزا ہوئی یا نہیں اور کیا اس افسوسناک واقعہ کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں اور ہم سب کو اس سانحہ پر سوگوار خاندانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ آگ کو تیزی سے پھیلنے سے روکنے میں انتظامیہ کی غفلت سامنے آئی ہے اور اس میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ دہلی کالونی سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نے سانحہ کے بعد سوگوار خاندانوں سے تعزیت میں کوئی کردار ادا نہیں کیا جبکہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین بروقت موقع پر نہیں پہنچے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی سانحہ کے بعد کراچی نہیں آئے اور نہ ہی ان کا کوئی نمائندہ موقع پر پہنچا اور نہ ہی ان کا متاثرہ خاندان سے براہ راست کوئی رابطہ ہوا۔ایسے موقعوں پر سیاست سے اوپر اٹھ کر انسانیت کے تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے۔ایک طرف پاکستان بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے اور ہمارے فوجی جوان قربانیاں دے رہے ہیں تو دوسری طرف اندرونی سانحات میں غفلت ناقابل قبول ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات دلانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

آخر میں گورنر سندھ نے سانحہ گل پلازہ کے تمام لواحقین سے مکمل ہمدردی اور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ریاست متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر سمارٹ سٹی پراجیکٹ کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو پلاٹ کی فائلیں دی گئیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں