ہم فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لا سکتے ہیں:شرجیل انعام
کراچی: سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی فلم اسکول میں آج دوسری مرتبہ آیا ہوں،پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو ایک سال کا ڈپلوما دیتا ہے۔کراچی فلم اسکول کو قائم کرنے کا مقصد نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنا کیریئر بنا سکیں،فلم اور ڈرامہ کے ذریعے ہی ہم اپنا پیغام مثبت انداز میں دنیا تک پہنچا سکتے ہیں۔ہمارے دشمن ملک بھارت کی ساری کوششیں جھوٹی فلموں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے۔شکست کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف سو سے زائد فلمیں بنا چکا ہے،سینماز پہلے ہر شہر میں ہوتے تھے، اب سینماز ختم ہو کر پلازہ بن گئے ہیں۔لوگوں کو انٹرٹینمنٹ چاہیے، لیکن معیاری مواد ختم ہو گیا ہے،پورے پاکستان میں فلم انڈسٹری کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل جس طرح کا مواد بنا رہی ہے، سندھ حکومت نوجوانوں کا بھرپور ساتھ دے گی، سندھ حکومت ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔فلم فیسٹیول بھی جاری ہے، جتنے اچھے اسکرپٹ ہوں گے حکومتِ سندھ ان کے اخراجات ادا کرے گی۔میرے لیاری کے نام سے ایک فلم بنائی گئی ہے،میری لیاری فلم میں لیاری کے اصل چہرے کو دکھایا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے،پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا گیا ہے، پاکستان کی قیادت کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔پاکستان واحد ملک ہے جو ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔ہمارے پاس بہترین سیاحتی مواقع موجود ہیں۔ہم فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لا سکتے ہیں۔فلم اسکول میں پڑھنے والے بچوں کی فیس کے حوالے سے حکومت سے بات کروں گا کہ بچوں کی فیس میں پچاس فیصد کمی کی جائے۔
