تمام منصوبے کراچی کی مجموعی ترقی کے لیے ہیں:شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر حکام نے انہیں منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے لائے جائیں، جیسا کہ شہر مستحق ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا مکمل فوکس کراچی کی ترقی پر ہے، کیونکہ یہ شہر پاکستان کا معاشی حب ہے اور اسی وجہ سے اسے ہمیشہ نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی میں سب سے بہترین منصوبہ، شاہراہ بھٹو، مکمل کیا ہے جو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ سڑک اور شہر کے لیے اہم گیٹ وے ہے۔ اس منصوبے کے دو مرحلے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا فیز بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ حال ہی میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے تاج حیدر برج مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی کاز وے برج کا افتتاح کیا جو جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں سے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ملحقہ علاقوں کے شہری مستفید ہو رہے ہیں اور عوام سڑکوں اور پلوں کے معیار کو سراہ رہے ہیں۔
ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلے میں دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ تمام منصوبے کراچی کی مجموعی ترقی کے لیے ہیں اور شہر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شہر بھر کا دورہ کر کے سڑکوں کی بہتری پر کام کر رہے ہیں، جبکہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کے ایم سی مشترکہ طور پر جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی وہ منصوبہ تھا جس پر ماضی میں تنقید کی جاتی رہی، تاہم پرانے تعمیراتی کام کو مضبوط کرنے کے بعد ازسرِنو کام شروع کیا گیا جو اب مکمل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق کراچی یونیورسٹی روڈ اور اس سے منسلک راستے پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہو چکے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مارچ تک یونیورسٹی روڈ پر مرکزی راہداری عام ٹریفک کے لیے کھول دی جائے، جبکہ باقی منصوبے پر پل، انڈر پاسز اور یوٹرنز سمیت دیگر کام جاری رہیں گے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ترقیاتی کام دن رات جاری ہیں اور ٹرانس کراچی کے سی ای او اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ روزانہ بنیادوں پر معائنہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اچانک دورے کر کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور جہاں کسی رکاوٹ کی نشاندہی ہوگی وہاں فوری کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن کے ساتھ ساتھ یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام جاری ہے اور دونوں لائنوں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو سفری سہولت میں واضح بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے گنجان آباد شہر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کے دوران وقتی مشکلات ناگزیر ہوتی ہیں، تاہم حکومت شہریوں کی تکالیف سے آگاہ ہے اور ان پر معذرت خواہ بھی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن جیسے منصوبے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر میسر آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کے اربوں روپے کے یہ منصوبے کراچی کے عوام کے لیے ہیں اور ان کا مقصد شہر کو ایک مضبوط معاشی اور سفری مرکز بنانا ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت کے بجٹ کا بڑا حصہ کراچی میں خرچ کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر کے اسپتال نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ اور ملک بھر کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔
گل پلازہ سانحے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کابینہ کے پانچ اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا سانحہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو سمجھتی ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
