بنیادی عوامی مسائل کے فوری اور پائیدار حل کی اشد ضرورت ہے:چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن

بنیادی عوامی مسائل کے فوری اور پائیدار حل کی اشد ضرورت ہے:چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کی جانب سے منگھوپیر ٹاؤن میں پانی کی قلت اور فراہمی سے متعلق درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی۔

ملاقات میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی (PAS) اور چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان سے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے منگھوپیر ٹاؤن کو درپیش پانی کے دیرینہ مسائل پر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ بالخصوص یونین کونسل ون سمیت منگھوپیر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت، کم پریشر، پرانی اور خستہ حال لائنیں، اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے سنگین مسائل سے واٹر بورڈ حکام کو آگاہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے اور منگھوپیر ٹاؤن کے عوام طویل عرصے سے ان مسائل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جن کے فوری اور پائیدار حل کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے واضح کیا کہ پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، نئی پانی کی لائنوں کی تنصیب، پرانی لائنوں کی مرمت اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ملاقات میں میونسپل کمشنر منگھوپیر ٹاؤن احمد یار اور یونین کونسل ون کے کونسلر جاوید بروہی بھی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے اپنے دائرہ کار میں عوامی مسائل اور زمینی حقائق سے واٹر بورڈ حکام کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر احمد یار نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ہر سطح پر مکمل تعاون کے لیے تیار ہے اور پانی سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے واٹر بورڈ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے تحت کام کیا جائے گا۔

اس موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی (PAS) اور چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن اور ٹاؤن انتظامیہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پانی کے مسائل کے حل کے لیے درکار اقدامات جلد از جلد شروع کیے جائیں گے اور تکنیکی ٹیموں کو ہدایات دی جائیں گی تاکہ جامع سروے کے بعد عملی اور دیرپا حل یقینی بنایا جا سکے۔

آخر میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے واٹر بورڈ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون اور سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو جلد پانی کے دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں