ایم سی نیو کراچی ٹاؤن کا وائس چیئرمین کے ہمراہ نارتھ کراچی کے مختلف پارکس کا دورہ

ایم سی نیو کراچی ٹاؤن کا وائس چیئرمین کے ہمراہ نارتھ کراچی کے مختلف پارکس کا دورہ

کراچی: میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نارتھ کراچی کے مختلف پارکس کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پارکس میں جاری کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران میونسپل کمشنرمنور حسین ملاح نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نارتھ کراچی کے عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور پارکس کو صحت مند ماحول اور معیاری تفریح کا مرکز بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سستی، محفوظ اور باوقار تفریح فراہم کرنے کے لیے پارکس میں جدید سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔میونسپل کمشنر کا کہنا تھا کہ پارکس میں معیاری کرسیاں، جھولے اور بچوں کی تفریح کے لیے مختلف کھلونے نصب کیے جائیں گے، جبکہ خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ واکنگ ٹریکس تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بآسانی چہل قدمی کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان، اوپن جم اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے اور معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ ملے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کہا کہ پارکس کی بہتری اور کھیلوں کے میدانوں کی بحالی نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں کھیلوں اور تفریحی سہولیات کی فراہمی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور تمام ترقیاتی منصوبے عوامی ضرورتوں کو مدنظر رکھ کر مکمل کیے جا رہے ہیں۔

وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کے لیے بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں سب کے لیے متوازن اور محفوظ تفریحی سہولیات ناگزیر ہیں، اور نیو کراچی ٹاؤن کی موجودہ انتظامیہ اس سمت میں سنجیدہ اور متحرک ہے۔دورے کے اختتام پر میونسپل کمشنر اور وائس چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارکس میں جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں