ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

کراچی: ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر ِ اہتمام شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ کی تقریب گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت دی ارینا آڈیٹوریم بحریہ ٹائون ٹاور میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ہونہار طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 2002 میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کیا تھا، جس کا مقصد میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت ہے۔سال 2025-26 کے لیے 125ملک بھر سے میٹرک اور 65 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب مہمانِ خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض ایڈوائزر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سمیرا جاوید صاحبہ نے انجام دیے۔

صدارتی خطاب میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کی زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف تھی۔ ہمدرد پاکستان کا قیام اسی مشن کی عملی صورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مطالعے کی عادت اپنانے، کتب سے رشتہ مضبوط کرنے اور موبائل فون کا استعمال صرف معلومات میں اضافے کے لیے کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے صحت کی حفاظت، والدین کے احترام اور قومی ذمہ داریوں کے ادراک پر بھی زور دیا۔

مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور استقلال ہی مستقبل کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، عملی ہنر اور مصنوعی ذہانت کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہنر مند کبھی بھوکا نہیں سوتا‘‘ اس لیے نئی نسل کو ہاتھ سے کام کرنے والا کوئی نہ کوئی ہنر ضرور سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے ذہنی صحت، طبِ یونانی، ہربل علاج اور پیرا میڈیکل شعبوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر محترمہ سعدیہ راشد نے پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب اور ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان صاحب کے ہمراہ کراچی میٹرک بورڈ کے 91 اور انٹر بورڈ کراچی کے 46 طلبہ میں بالترتیب 50 ہزار اور 75 ہزار روپے کے چیک اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کا اختتام دعائے سعید پر ہوا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں