رانو ریچھ کی اسلام آباد منتقلی کی تیاریاں مکمل، پاکستان ایئرفورس نے طیارہ فراہم کردیا
کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی نے رانو ریچھ کی اسلام آباد منتقلی کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد کل صبح 7 بجے روانگی کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال علیشان کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر رانو ریچھ کی منتقلی کے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔رانو ریچھ کی ٹریننگ، فزیکل اور مینٹل فٹنس کا تفصیلی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
دانیال علیشان کے مطابق وائلڈ لائف چیف کنزرویٹر جاوید مہر نے رانو کے انکلوژر کا معائنہ کیا۔سندھ ہائی کورٹ کے مقررہ نگراں جاوید مہر کی زیر نگرانی رانو ریچھ کی حالت تسلی بخش ہے۔رانو ریچھ کے انکلوژر میں کمیٹی ممبر ماہرہ عمر کے علاوہ دیگر افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال علیشان نے کہا کہ کمیٹی ممبر اور فلم میکر ماہرہ عمر رانو ریچھ کے پنجرے میں جانے کے لمحات ریکارڈ کریں گی۔رانو ریچھ کی منتقلی کے لیے پاکستان ایئرفورس نے سی ون تھرٹی طیارہ فراہم کیا ہے۔ فیصل بیس سے رانو ریچھ کو بذریعہ سی ون تھرٹی اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
دانیال علیشان نے کہا کہ کمیٹی سیکریٹری یسرا سمی عسکری نے پاک فضائیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔پاکستان ایئرفورس کا کردار، جانوروں کے تحفظ میں عالمی سطح پر سراہا جائے گا۔کراچی زو میں میڈیا کے داخلے پر پابندی، منتقلی کا عمل نازک قراردیا گیا ہے۔
دانیال علیشان نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کو منتقلی کے دوران ذمہ داری سے رپورٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔کراچی زو انتظامیہ کی جانب سے آگاہی ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔رانو ریچھ کی منتقلی، پاکستان میں وائلڈ لائف کے نئے باب کی شروعات ہے۔
