آباد ہاؤس میں 2 روزہ تعمیراتی مٹیریل کی نمائش کا افتتاح کردیا گیا

آباد ہاؤس میں 2 روزہ تعمیراتی مٹیریل کی نمائش کا افتتاح کردیا گیا

کراچی: الائیڈ پینل کے سرپرست اعلیٰ اور آباد کے سابق چیئرمین محسن شیخانی نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے زیرِ اہتمام آباد ہاؤس میں  2 روزہ تعمیراتی مٹیریل کی نمائش کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر چیئرمین آباد محمد حسن بخشی،سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،وائس چیئرمین طارق عزیز،چیئرمین سدرن ریجن  احمد اویس تھانوی سمیت  بلڈرز کی بڑی تعداد اور نمائش کنندگان بھی موجود تھے۔نمائش میں ملک بھر کی تعمیراتی صنعت سے وابستہ کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی۔

نمائش میں 22 اسٹال لگائے گئے ہیں جن میں ماربل، پائپس، الیکٹرک وائرز اور سینٹری کے سامان بنانے والی کمپنیوں کے اسٹالز شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

نمائش کے افتتاحی سیشن سے  محسن شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آباد نے صنعتی شعبے سے وابستہ مٹیریل کے لیے ایکسپو منعقد کرنے کی شاندار روایت قائم کی ہے، جو تعمیراتی صنعت اور اس سے جڑی کمپنیوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل معاشی دور سے گزر رہا ہے، تاہم ان حالات کے باوجود حکومت اور نجی شعبہ معیشت کو سہارا دینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آئیں گی۔

محسن شیخانی نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کے لیے ہاؤسنگ قرضوں کی اسکیم کو خوش آئند قرار دیا تاہم رقم کے حجم پر تحفظات کا اظہار کیا۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیٹ بینک اسلامک  بینکنگ کے ذریعے گھر کے لیے 35 لاکھ کے بجائے ایک کروڑ روپے کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جلد اسٹیٹ بینک کو خط لکھا جائے گا تاکہ اصل مقصد کے مطابق عام آدمی کو زیادہ سہولت دی جاسکے۔انھوں نے آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے آباد نے ہمیشہ جدو جہد کی ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ آخر میں انھوں نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر آباد کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے بھی خطاب کیا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں آباد نے ان ہاؤس ایکسپو کا انعقاد کیا تاکہ تعمیراتی صنعت کو سہارا دیا جا سکے۔ یہ نمائش دو روز تک جاری رہے گی، جبکہ مستقبل میں آباد کی جانب سے کمپنیوں کے انفرادی ایکسپو بھی منعقد کیے جائیں گے۔

چیئرمین آباد نے حسن بخشی نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پوری دینا میں پاکستان کی؛پزیرائی ہوئی،پاک سعودیہ معاہدہ خوش آئند ہے ہم چاہتے ہیں کہ دیگر اسلامی ملکوں کے ساتھ بھی ایسے معاہدے ہونے چاہیے۔

حسن بخشی نے کہا کہ فیلڈ مارشل  جنرل  سید عاصم منیر نے جیسے بیرون ملک معیشت کی بہتری کے لیے اقدام کیے ہماری ان سے اپیل ہے کہ  ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے اندرونی معاشی مسائل  کے حل پر بھی توجہ دیں۔بدقسمتی سے اس ملک میں جو ٹیکس دیتا ہے اسے ہی چور بنا دیا جاتا ہے۔ ہم نے اس حوالے سے آرمی چیف سے بھی بات کی ہے کہ اگر پاکستان میں ٹیکس کی شرح ہمسایہ ممالک کے برابر نہ ہوئی تو سرمایہ کار یہاں کاروبار کرنے سے کترائیں گے۔ خطے کے دیگر ممالک میں زیرو فیصد ٹیکس یا سرمایہ کار دوست پالیسیاں رائج ہیں، جبکہ پاکستان میں بلند شرحِ ٹیکس معیشت کی بہتری میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں موجود دیگر ممالک کے برابر پالیسی وضع کی جائے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور معرکہ حق کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر نمائش کے آرگنائزر عبدالکریم آڈھیا نے کہا کہ  اس نمائش کا مقصد  تعمیراتی صنعت سے وابستہ کمپنیوں اور بلڈرز کو اید دوسرے کے قریب لانا ہے تاکہ وہ براہ راست ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کرسکیں

انھوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات  سے نہ صرف تعمیراتی صنعت میں بہتری  آئے  گی بلکہ بلڈرز اور صنعتکار وں کے درمیان روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں