دعوتِ اسلامی کے وفد کی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف سے ملاقات
کراچی: دعوتِ اسلامی کے دو رکنی وفد نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر سے اہم ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً چہلمِ امام حسینؓ اور عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بلدیاتی سطح پر کیے جانے والے انتظامات زیرِ غور آئے۔
ملاقات میں دعوتِ اسلامی کی مجلسِ رابطہ کمیٹی نارتھ کراچی کے رکن محترم قاسم عطاری اور یوسف عطاری شامل تھے۔
وفد نے چیئرمین محمد یوسف کو ان مقدس ایّام میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے دوران عوام کو درپیش ممکنہ مسائل سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ان دنوں کے دوران صفائی ستھرائی، نکاسی آب، اسٹریٹ لائٹس، اور سڑکوں کی مرمت کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ زائرین اور شرکاء کو کسی قسم کی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وفد کی تجاویز کو نہایت خندہ پیشانی اور توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ چہلم اور ربیع الاوّل کے بابرکت ایّام میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کے تعاون سے مذہبی ہم آہنگی اور نظم و ضبط کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بھی دعوتِ اسلامی کے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ مذہبی اجتماعات کے احترام میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے تعاون کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔