ایس ایم بی بی ایم یو کی جانب سے مختلف شہروں میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد

ایس ایم بی بی ایم یو کی جانب سے مختلف شہروں میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد

قمبر شہدادکوٹ: شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس ایم بی بی ایم یو) لاڑکانہ کی جانب سے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر "صحت مند سندھ، صحت مند پاکستان” کے عنوان سے ضلع قمبر شہدادکوٹ کے شہر وارہ میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا مقصد پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ کے شعور کو فروغ دینا تھا۔

اس فلاحی سرگرمی کی قیادت ایس ایم بی بی ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے خود کی۔ اُن کے ہمراہ ڈین سرجری و الائیڈ پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ مگسی، ماہر ڈاکٹروں، فیکلٹی ممبران، ہاؤس آفیسرز، میڈیکل و نرسنگ طلبہ اور انتظامی عملے نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔

طبی کیمپ کے دوران 1500 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جنہیں بچوں کی صحت، امراض چشم، جنرل میڈیسن، سرجری، جلدی امراض اور دانتوں کی بیماریوں سمیت مختلف شعبوں میں مفت طبی مشاورت اور ادویات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا  "ہم یومِ آزادی کو اس عزم کے ساتھ منانا چاہتے ہیں کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جائے — ایک ایسا پاکستان جہاں ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ ہمارا نصب العین غریب، دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی خدمت ہے، اور کمیونٹی سروس کو ہم نہ صرف اپنا مشن بلکہ ایک اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔”

اسی نوعیت کا ایک اور مفت طبی کیمپ رتوڈیرو میں بھی منعقد کیا گیا، جہاں تقریباً 1200 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں اور ایچ آئی وی سمیت دیگر امراض سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔

دونوں کیمپوں میں یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے بھی بڑھ چڑھ کر رضاکارانہ شرکت کی، جو طبی تعلیم کو عملی خدمت میں ڈھالنے کا ایک عمدہ مظاہرہ تھا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں