گڈاپ ٹاؤن میں ” معرکہ حق” جشنِ آزادی کی شاندار تقریبات کا سلسلہ جاری
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ میں ” معرکہ حق” جشنِ آزادی پاکستان 2025 کے عنوان سے شاندار تقریبات کا سلسلہ یکم اگست سے زور و شور سے جاری ہے, ان تقریبات کی قیادت چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر احمد یار کر رہے ہیں,ِجشن آزادی کے سلسلے میں گڈاپ ٹاؤن کے مرکزی اور کیمپ آفس کو برقی قمقموں سے سجایا گیا،اورتقریبات میں حب الوطنی سے بھرپور ریلیاں، فٹبال میچز کے فیسٹیول، ملی نغمے اور بیداری شعور پر مبنی سرگرمیاں شامل ہیں،جبکہ 11 اگست کو کیمپ آفس TMC گڈاپ (نزد ڈی سی ایسٹ آفس کراچی) میں ایک شاندار میگا، میوزیکل شو جشن پاکستان اور دیدہ زیب آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، جس کا شمار شہر کی یادگار تقریبات میں ہوگا، اس تقریب کے آرگنائزر ڈائریکٹر پراپرٹی سہیل یار خان ہیں، جن کی نگرانی میں یہ پروگرام نہایت منظم انداز سے ترتیب دیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں یہ آزاد وطن ملا، گڈاپ ٹاؤن میں ’ معرکہ حق‘کے تحت ان تقریبات کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، اتحاد اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دینا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام ان سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ پاکستان سے محبت کا پیغام ہر دل تک پہنچے۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا، معرکہ حق صرف تقریبات کا نام نہیں بلکہ یہ ہماری قومی شناخت اور نظریاتی وابستگی کی علامت ہے،ہم نے ان پروگرامز کے ذریعے عوام کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جہاں وہ آزادی کی قدر و قیمت کو جان سکیں۔
میونسپل کمشنر احمد یار نے کہاکہ یہ تقریبات صرف تفریحی نہیں بلکہ شعور بیداری اور قومی یکجہتی کی عملی مثال ہیں، گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ نے عوام کی خوشیوں کو دوگنا کرنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، ان شاء اللہ 11 اگست کا میگا شو ایک یادگار اور تاریخی تقریب ثابت ہوگا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اہلِ خانہ کے ساتھ ان تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اور اپنے قومی پرچم کے ساتھ اس عزم کی تجدید کریں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔