چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن اور ایم این اے شاہدہ رحمانی کی NHAکے نمائندوں سے اہم ملاقات
کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) ساؤتھ زون کے نمائندوں سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں منگھوپیر ٹاؤن سے متصل اہم شاہراہوں جیسے معمار موڑ، نادرن بائی پاس، اور سہراب گوٹھ پر جاری مسائل، مرمت، ترقیاتی منصوبہ بندی، فنڈز کی فراہمی اور اداروں کے باہمی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں یونین کمیٹی 12 کے چیئرمین سید ہلال سعید رحمانی اور این ایچ اے ساؤتھ زون کے نمائندہ جناب رمیش راجہ بھی موجود تھے۔ شرکاء نے علاقائی سڑکوں کی موجودہ صورتحال، عوامی مشکلات اور مستقبل کے اقدامات پر بھی مشاورت کی۔
این ایچ اے حکام نے آگاہ کیا کہ معمار موڑ کے ترقیاتی کام فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔ اس پر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں جیسے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت سندھ سے فنڈنگ کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی مفاد سے جڑے ہوئے ہیں اور ان پر پیش رفت ناگزیر ہے۔
مزید برآں، نادرن بائی پاس پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سائن بورڈز کی مرمت اور سڑکوں کی حفاظتی بہتری پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا، جس پر این ایچ اے نے جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔
اجلاس کے دوران لیاری ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ کراچی کی ترقی تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر شعبے کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
این ایچ اے کے نمائندے رمیش راجہ نے حاجی نواز علی بروہی کی مسلسل عوامی جدوجہد اور خلوص نیت سے کی جانے والی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اسی جذبے سے تمام نمائندے کام کریں تو شہر کے مسائل جلد حل ہو سکتے ہیں۔